بھٹکل 13/فروری (ایس او نیوز) یہاں پی ایل ڈی بینک کے قریب نیشنل ہائی وے پر کرین کی زد میں آکر سائیکل سوار کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت تعلقہ کے مُٹھلی کے رہنے والے رمیش وامن پربھو (71) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ حادثہ آج بدھ صبح قریب گیارہ بجے پیش آیا۔
بتایا گیا ہے کہ رمیش سائیکل ہاتھ میں لئے پیدل روڈ کراس کررہا تھا کہ کنداپور سے بھٹکل کی طرف آنے والی کرین اس سے ٹکراگئی۔ ٹکر لگتے ہی رمیش کے سر کو گہری چوٹ لگی، مقامی لوگوں نے اسے شدید زخمی حالت میں سرکاری اسپتال لے جانے کی کوشش کی، مگر اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی اس نے دم توڑ دیا۔
بتایا گیا ہے کہ رمیش کا خاندان بے حد غریب ہے اور وہ چھوٹا موٹا کاروبار کرکے اپنا اور اپنے خاندان کا گھر چلا رہا تھا، اس کے دو بیٹے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی سرکل پولس انسپکٹر گنیش سمیت ٹاون پولس اسٹیشن کا عملہ موقع واردات پر پہنچا۔ کرین ڈرائیور کو پولس نے گرفتار کرلیا ہے اور کرین کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
بھٹکل ٹاون پولس معاملے کی مزید چھان بین کررہی ہے۔